ستھرا پنجاب :تاندلیانوالہ میں گرینڈ ڈیپ کلیننگ مہم کا آغاز
عوامی شکایات کا سخت نوٹس ،کنٹریکٹر فرم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی سر زنش
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ‘‘ستھرا پنجاب’’ پروگرام کے تحت ڈیپ کلیننگ مہم جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ضلع فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ میں گرینڈ صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔گزشتہ روز منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی نے صفائی آپریشن کی نگرانی کے لیے تحصیل تاندلیانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ اقصیٰ امتیاز اور ڈسٹرکٹ منیجر عطاء المحسن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے بازاروں اور گلیوں کے دورے کے دوران دکانداروں اور شہریوں سے صفائی کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کنٹریکٹر فرم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی موقع پر سرزنش بھی کی۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈیپ کلیننگ مہم کے تحت دیہی و شہری علاقوں کو زیرو ویسٹ بنانا اولین ترجیح ہے ، جبکہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ سے بھرے پلاٹس کا اپ ڈیٹڈ سروے مکمل کرنے اور کنٹریکٹر کو فوری صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔عابد حسین بھٹی نے مزید ہدایت کی کہ گلی محلوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔