واسا ،کے ایف ڈبلیو بینک کا کلائمیٹ ریزسٹینس پراجیکٹ معاہدہ
40 ملین یورو کی لاگت سے پراجیکٹ پر عملدرآمد کیا جائے گا ، جرمن سفیر کی شرکت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)جرمن کارپوریشن کے تعاون سے کے ایف ڈبلیو (KFW) بینک اور واسا فیصل آباد کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے ، جس کے تحت 40 ملین یورو کی لاگت سے کلائمیٹ ریزسٹینس پراجیکٹ پر عملدرآمد کیا جائے گا۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں جرمنی کی پاکستان میں تعینات سفیر مس اینا لیپل (H.E. Ms. Ina Lepel) مہمان خصوصی تھیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ تقریب میں ایم ڈی واسا ثاقب رضا، ڈپٹی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید، ڈپٹی ایم ڈی انجینئرنگ شعیب ضیا، ڈپٹی ایم ڈی او اینڈ ایم عثمان ضیا، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حنا سلیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی سانول ملک بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے اجلاس میں فیصل آباد میں شہریوں کو پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس پر جرمن سفیر نے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ایم ڈی واسا نے ادارے کے زیرِ انتظام مکمل ہونے والے فارن فنڈڈ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ جرمن سفیر مس اینا لیپل نے کہا کہ جرمن تعاون کے تحت کے ایف ڈبلیو بنک اور واسا فیصل آباد کا یہ منصوبہ واٹر سپلائی کے نظام میں بہتری کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔منصوبے کے تحت 25 ٹیوب ویلز کو بحال کیا جائے گا، ایک نیا واٹر ٹینک اور 6 نئی ٹینکیاں تعمیر کی جائیں گی، جبکہ گلفشاں واٹر ورکس کو 3 ملین گیلن کے جدید ریپڈ سینڈ فلٹر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔