آتشبازی کارخانوں پر دوہرا معیار، ایک علاقے میں مسماری، دوسرے میں مبینہ سرپرستی

آتشبازی کارخانوں پر دوہرا معیار، ایک علاقے میں مسماری، دوسرے میں مبینہ سرپرستی

تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود میں موجود تمام کارخانے ختم،تھانہ صدر جڑانوالہ کے مختلف دیہات میں کارخانوں میں چھوٹے بچے اور خواتین بھی کام کر رہی ہیں ،کسی کے پاس لائسنس تک نہیں ، بڑے حادثے کا خدشہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ، محکمہ سول ڈیفنس اور پولیس کی روایتی غفلت یا مبینہ ملی بھگت کے باعث آتشبازی کے کارخانوں کے خلاف کارروائی میں دوہرا معیار سامنے آ گیا۔ محکمہ سول ڈیفنس کی موجودگی میں تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقے مکوآنہ میں قائم آتشبازی کے کارخانے مسمار کر دئیے گئے ، تاہم تھانہ صدر جڑانوالہ کے متعدد علاقوں میں ایسے کارخانے بدستور کام کر رہے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر سول ڈیفنس اور پولیس کی حمایت حاصل ہے ۔تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود میں موجود تمام کارخانے ختم کر دئیے گئے ، جبکہ تھانہ صدر جڑانوالہ کے مختلف دیہات میں درجنوں کارخانے اب بھی فعال ہیں، جہاں چھوٹے بچے ، خواتین اور مزدور آتشبازی کا سامان تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ان کارخانوں کے مالکان کے پاس لائسنس بھی موجود نہیں، کیونکہ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کی جانب سے تمام لائسنس منسوخ کیے جا چکے ہیں ۔

بغیر لائسنس ان کارخانوں میں قواعد و ضوابط کی کوئی پابندی نہیں کی جا رہی، جبکہ کمسن بچوں سے بھی خطرناک کام لیا جا رہا ہے ۔مزید انکشاف ہوا ہے کہ ان کارخانوں میں آگ بجھانے کے آلات تک موجود نہیں اور بڑی مقدار میں بارود ذخیرہ کیا جا رہا ہے ، جو بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔شہریوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس رانا علی عباس کا کہنا ہے کہ تمام کارخانے مسمار کیے جا چکے تھے ، جو باقی رہ گئے ہیں ان کے خلاف بھی جلد سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں