موٹروے ٹوبہ انٹرچینج تا رجانہ انٹرچینج ڈبل روڈ سست روی کا شکار

موٹروے ٹوبہ انٹرچینج تا رجانہ انٹرچینج ڈبل روڈ سست روی کا شکار

شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، حادثات کے خطرات میں بھی اضافہ ہو گیا

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)موٹروے ٹوبہ انٹرچینج سے رجانہ انٹرچینج تک ڈبل روڈ کی تعمیر کا منصوبہ سست روی کا شکار ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔یہ منصوبہ تین سالہ مدت پر مشتمل ہے اور اس کی تکمیل اپریل 2028 تک متوقع ہے ، تاہم فنڈز کی عدم دستیابی اور تعمیراتی کام کی سست رفتار کے باعث پیش رفت متاثر ہو رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ شاہراہ جنوبی پنجاب سے موٹروے تک رسائی کے لیے انتہائی اہم ہے ، جس پر روزانہ بڑی تعداد میں مسافر، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری افراد سفر کرتے ہیں۔

منصوبے کے دوران سڑک کی کھدائی اور نامکمل تعمیر کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے جبکہ گردوغبار، حادثات کے خطرات اور سفر کے دورانیے میں اضافہ شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر سڑک کھودی جا چکی ہے مگر تعمیر مکمل نہ ہونے کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ۔مقامی تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور سماجی حلقوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کے لیے فوری فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ تعمیراتی کام تیز کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں