مردہ مرغیوں کی سپلائی کا انکشاف، ملزم گرفتار، 15 من برآمد

مردہ مرغیوں کی سپلائی کا انکشاف، ملزم گرفتار، 15 من برآمد

مضر صحت مرغیاں جڑانوالہ شہر میں سپلائی کی جا رہی تھیں، تلف کر دی گئیں

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)تھانہ صدر جڑانوالہ کی حدود 95 گ ب میں پٹرولنگ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں کی سپلائی کا مکروہ دھندا بے نقاب کر دیا۔پٹرولنگ چوکی 1124 پر تعینات اے ایس آئی ظہیر الحسن نے کارروائی کے دوران ملزم کامران نذیر کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کی گاڑی سے تقریباً 15 من مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ مردہ اور انتہائی مضر صحت مرغیاں جڑانوالہ شہر میں سپلائی کی جا رہی تھیں، جہاں انہیں مبینہ طور پر مختلف فاسٹ فوڈ آئٹمز میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا۔

اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور تمام مرغیاں فوری طور پر تلف کر دی گئیں۔حکام نے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جائے ۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر معیاری اور مشکوک فوڈ پوائنٹس سے خوراک خریدنے سے گریز کریں تاکہ ممکنہ بیماریوں سے بچا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں