725 سے زائد اساتذہ کو اگلے سکیل میں ترقی، تقرر نامے تقسیم

725 سے زائد اساتذہ کو اگلے سکیل میں ترقی، تقرر نامے تقسیم

رانا ثنااللہ نے ترقی پانے والے اساتذہ میں پروموشن لیٹر تقسیم کیے ، مبارکباد دی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فیصل آباد کے 725 سے زائد مرد و خواتین اساتذہ کو اگلے سکیل میں ترقی دے دی گئی۔ پی ایس ٹی سے ای ایس ٹی گریڈ 15 اور ای ایس ٹی سے ایس ایس ٹی گریڈ 16 میں ترقیوں کے احکامات جاری کیے گئے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثنا اللہ نے خصوصی شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) راؤ عبدالکریم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن) محمد وسیم ساجد اور دیگر تعلیمی افسران بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران رانا ثنااللہ نے ترقی پانے والے اساتذہ میں پروموشن لیٹر تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ بھی محنت اور لگن سے تدریسی فرائض انجام دینے پر زور دیا۔ انہوں نے بڑی تعداد میں اساتذہ کی ترقی کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔صدر میاں محمد سعید اور دیگر مقررین نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری ایجوکیشن) محمد ذاکر، وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے نمائندگان نزاکت خان بلوچ اور شعیب رسول نے بھی شرکت کی۔ترقی پانے والے اساتذہ میں محمد تنویر اسلم، محمد ہارون رفیق، میاں محمد اشفاق، مسعود انور، عبد الوحید اور دیگر شامل ہیں۔ اساتذہ نے نئے عہدوں پر دلجمعی سے تدریسی فرائض انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں