لیبر کالونی میں سرکاری زمین پر قبضہ ،انتظامیہ خاموش

 لیبر کالونی میں سرکاری زمین پر قبضہ ،انتظامیہ خاموش

جڑانوالہ روڈ پر کالونی میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کی اراضی، پلاٹس پر مافیا عرصہ سے قابض

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)جڑانوالہ روڈ پر لیبر کالونی راجہ غضنفر علی خاں میں سرکاری زمین پر قبضہ مافیا کا راج،انتظامیہ خاموش تماشائی،ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کروڑوں روپے کی اراضی غفلت اور مبینہ ملی بھگت کے باعث قبضہ مافیا کے نرغے میں ،وزیراعلیٰ کوٹہ کے 29 پلاٹس پر پختہ قبضے ، متعلقہ افسر آپریشن کرنے کی بجائے کاغذی کارروائیاں کرکے ٹال مٹول کررہے ہیں تا حال انکروچمنٹ آپریشن کی تاریخ اور وقت بھی طے نہیں ہو سکا ۔ چک نمبر 228 رب کی حدود میں جڑانوالہ روڈ پر 1987 میں پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مدد سے لیبر کالونی راجہ غضنفر خاں بنائی گئی جسکا مقصد کم آمدن والے افراد کو رہائشی سہولیات فراہم کرناتھا یہ رہائشی کالونی مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے تعمیر کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کالونی کے ڈسپوزل ورکس، ڈسپنسری اور کمرشل سنٹر کیلئے مختص سرکاری رقبے پر قبضہ مافیا نے ناجائز طور پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کوٹہ کے تحت غیر الاٹ شدہ 29 پلاٹس پر بھی پختہ تعمیرات کر دی گئی ہیں الاٹیز کے پلاٹس بھی مافیاکے زیر قبضہ ہیں۔

پرانے الاٹیز کے بچے فائلیں پکڑ کر پلاٹس ڈھونڈتے نظر آتے ہیں ۔محکمہ لیبر فیصل آباد نے اس غیر قانونی قبضے سے متعلق متعدد بار لاہور دفتر کو تحریری طور پر آگاہ کیا مگر کوئی فائدہ نہ ہوسکا ڈائریکٹر لیبر ایسٹ نے 6 اپریل 2021 کو پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ لاہور کو تحریری طور پر آگاہ کیا تاہم کئی برس گزرنے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہ کی جاسکی۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر لیبر ایسٹ نے انکروچمنٹ آپریشن کیلئے اسسٹنٹ کمشنر صدر سے عملہ، مشینری اور انتظامی معاونت طلب کی تھی اس حوالے سے درخواست 20 جنوری 2026 کو ارسال کی گئی جس پر سی پی او فیصل آباد اور ڈی ایس پی سرکل صدر کے دستخط اور مہریں بھی لگیں مگر تاحال سرکاری املاک سے ناجائز قبضہ ختم کروانے کیلئے نہ تو تاریخ مقرر ہو سکی اور نہ ہی وقت کا تعین کیا جا سکا ۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ لیبر کالونی کی سرکاری اراضی واگزار کروا کر ذمہ دار افسروں کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ مزدوروں کیلئے بنائی گئی فلاحی سکیم کا اصل مقصد بحال ہو سکے اور سرکاری خزانے کو بھی نقصان سے بچایا جاسکے ۔ الاٹیز کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی ٰمریم نواز تجاوزات کیخلاف سخت کارروائی کے احکامات دیتی ہیں اس سرکاری اراضی کو واگزار کروانے کیلئے بھی ڈیڈ لائن دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں