مہنگے پٹرول پرعوام حکمرانوں کوبددعائیں دے رہے :چودھری سلیم
مہنگے پٹرول پرعوام حکمرانوں کوبددعائیں دے رہے :چودھری سلیم حکمرانوں نے شاہانہ زندگی بدلنے کی بجائے جنگ کا بہانہ بناکر بوجھ عوام پر ڈال دیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کل سوموارکو فیصل آبادمیں کوہ نور چوک جڑانوالہ روڈ پر شام سات بجے ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلہ میں کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرینگے ۔ ضلعی امیر چودھری سلیم نے تیاریوں کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے کہا بحرانوں سے نجات کیلئے عوامی سطح پر بڑی تحریک اور جدوجہدکی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت عوامی حقوق کی تحریک کاآغازکردیاہے ۔ ملک بھر میں نئے شامل ہونے والے افراد پر مشتمل عوامی کمیٹیاں بنائی جائینگی جنکے ذریعے مسائل حل کیلئے گراس رُوٹ لیول سے ملک گیر منظم آواز بلند کی جائیگی،عوامی کمیٹیاں مقامی مسائل کا حل عوام کے دروازے پر مہیا کریں گی۔انہوں نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو ناقابل برداشت قرار دیتے کہا عوام دشمن اقدامات سے تنگ 25کروڑ عوام جھولیاں پھیلاکرحکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ پاکستان میں پٹرولیم قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران تقریباً80فیصد اضافہ ہو چکاہے جو عالمی منڈی کی قیمتوں سے دو گنا ہے ، حکمران ٹولے نے اپنی مراعات اورشاہانہ طرز زندگی کو بدلنے کی بجائے ایران،امریکا، اسرائیل جنگ کا بہانہ بناکر سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے جو پہلے ہی مہنگائی سے بے حال ہیں۔