محرم الحرام :سکیورٹی پلان جاری ،امن کمیٹیاں فعال کرنیکی ہدایت
ریجن بھرمیں 4402 مجالس اور 1528 جلوسوں کی فول پروف نگرانی کا فیصلہ اسلحہ نمائش، لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کا حکم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کے احکامات کی روشنی میں ریجن فیصل آباد پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے ۔رواں سال ریجن بھر میں مجموعی طور پر 4402 مجالس منعقد ہوں گی، ان مجالس کی سکیورٹی کے لیے 7576 افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 4025 رضاکار بھی فرائض سرانجام دینگے ،اسی طرح ریجن بھر میں رواں سال مجموعی طور پر 1528 جلوس برآمد ہوں گے ۔ جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 10873 افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 4637 رضاکار بھی ڈیوٹی انجام دینگے ،آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ضلعی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لیا جائے ، ضلعی اور تھانہ کی سطح پر امن کمیٹیاں فعال کی جائیں اور ان کے ساتھ بامقصد اجلاس منعقد کیے جائیں ۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیے جائیں تاکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کا نظام مؤثر بنایا جا سکے اور بروقت معلومات کی ترسیل سے فوری عملی اقدامات ممکن ہوں۔شعلہ بیان مقررین، ذاکرین اور علماء کرام کی ضلع بندی اور زبان بندی کے لیے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اقدامات کیے جائیں اور انہیں بروقت آگاہ کیا جائے ۔ اسلحہ کی سرعام نمائش اور لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شرپسند اور دہشت گرد عناصر پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے ۔