شاہ پور صدر:شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان، اے سی
شاہ پور صدر (نامہ نگار )محرم الحرام کے دوران امن و امان ہر صورت برقرار رکھنے اور شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جلوس و مجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔یہ بات پاک فوج کے افسران نے شاہ پور کے دورہ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور یسریٰ سہیل سے ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے جبکہ سوشل میڈیا کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔افسران کے مطابق پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ جلوسوں کے روٹس پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں اور تمام متعلقہ اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے ۔