منشیات مقدمات میں مؤثر تفتیش ناگزیر:ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر
منشیات مقدمات میں مؤثر تفتیش ناگزیر:ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرمفت قانونی معاونت کے مستحق افراد کو فوری پراسیکیوشن دفتر ریفر کرنے کی ہدایت
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)دفتر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھا میں منشیات کے مقدمات کی مؤثر تفتیش، کامیاب پراسیکیوشن اور پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ سے متعلق آگاہی کے حوالے سے ایک اہم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس، پنجاب پولیس کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھا نے شرکاء کو منشیات کے مقدمات میں قانونی تقاضوں، شواہد کے معیار اور عدالتی کارروائی سے متعلق اہم نکات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ کے تحت مستحق افراد کو مفت قانونی معاونت کی فراہمی کے طریقہ کار اور اس کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔انہوں نے تفتیشی افسروں کو ہدایت کی کہ مفت قانونی معاونت کے مستحق افراد کو فوری طور پر پراسیکیوشن دفتر ریفر کیا جائے تاکہ انہیں بروقت قانونی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔کانفرنس کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جبکہ حالیہ منشیات کے ایک مقدمے میں کامیاب سزا کے حصول پر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔کانفرنس کے اختتام پر منشیات کے خاتمے ، مؤثر پراسیکیوشن، معیاری تفتیش اور بین الادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔