ٹریفک پولیس چالان مہم میں مصروف: ون ویلنگ و ریسنگ کیخلاف کاروائیاں سست
ٹریفک کی روانی متاثر ، حادثات میں بھی اضافہ ،حکام ون ویلنگ،موٹر سائیکل ریسنگ کے خاتمے ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے مؤثر اقدامات کریں:شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) فیصل آباد کی مرکزی شاہراہیں، ہائی ویز اور دیگر سڑکیں ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ کرنے والے عناصر کی محفوظ آماجگاہ بن گئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق مین شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ریسنگ نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کر رہی ہے بلکہ آئے روز حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں، تاہم ان عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کی زیادہ تر توجہ نظامِ ٹریفک کو بہتر بنانے کے بجائے چالان مہم کو کامیاب بنانے پر مرکوز ہے ، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ون ویلرز اور موٹر سائیکل ریسرز کھلے عام قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کینال روڈ، ایکسپریس وے ، جڑانوالہ روڈ، ستیانہ روڈ، سمندری روڈ، جھنگ روڈ، نڑوالا روڈ، شیخوپورہ روڈ، ملت روڈ اور شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر رات گئے اور علی الصبح ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ معمول بن چکی ہے ۔ ان سرگرمیوں میں بڑی تعداد میں نوجوان خطرناک کرتب دکھاتے اور تیز رفتاری سے موٹر سائیکلیں دوڑاتے نظر آتے ہیں۔
شہریوں کے مطابق اس خطرناک رجحان کے باعث آئے روز ون ویلرز خود بھی حادثات کا شکار ہوتے ہیں جبکہ بے گناہ شہری بھی ان کی زد میں آ کر زخمی یا متاثر ہوتے ہیں۔ متعدد حادثات کے باوجود ٹریفک پولیس کی جانب سے ون ویلنگ اور ریسنگ کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے غافل دکھائی دیتی ہے اور اس کی تمام تر توجہ صرف چالان مہم تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ، جس کے باعث قانون شکن عناصر کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے ۔ اعلیٰ ٹریفک حکام ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ کے خاتمے ، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور محفوظ و منظم نظامِ ٹریفک کی فراہمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments