وزیراعلیٰ کا گلستان جوہر میں سڑکوں کی بحالی کا حکم

وزیراعلیٰ کا گلستان جوہر میں سڑکوں کی بحالی کا حکم

میئر مرتضیٰ وہاب کو مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت نکاسی آب کے مسائل اور سیوریج لائنوں کی صفائی سے متعلق رپورٹ طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے گلستانِ جوہر میں سڑکوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور سیوریج کے مسلسل مسائل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میئر مرتضیٰ وہاب کو مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔وزیر اعلیٰ نے علاقے کی خراب مرکزی شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے میئر کو ہدایت کی کہ وہ گلستانِ جوہر میں جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا ذاتی طور پر جائزہ لیں۔مراد علی شاہ نے میئر کو سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے مسائل اور سیوریج لائنوں کی صفائی سے متعلق فوری رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث رہائشیوں اور مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے علاقے میں نکاسی آب اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔انہوں نے گلستانِ جوہر کے رہائشیوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور خبردار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور ناقص دیکھ بھال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اور شہری بنیادی ڈھانچے میں بہتری یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر اور مزید تیزی سے مکمل کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...