دنیا کی خبر پر ایکشن، مون سون میں تعمیراتی کھدائی روکنے کا حکم
خلاف ورزی پر مقدمات، جرمانے اور عمارتیں سربمہر کرنے کی وارننگ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) روزنامہ دنیا کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے شہر میں مون سون کے دوران جاری تعمیراتی کھدائی روکنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ۔ روزنامہ دنیا نے چار روز قبل اس مسئلے کی نشاندہی کی تھی، جس پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے موسم میں ایف ڈی اے کے زیرِ انتظام رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹوں میں زیر تعمیر عمارتوں پر خصوصی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ خصوصاً جہاں بیسمنٹ کی تعمیر جاری ہو، وہاں ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر زمین کی کھدائی فوری طور پر روک دی جائے ۔انہوں نے ایریا انسپکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں اور حفاظتی انتظامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، افنان سعید سندھو اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے زیر تعمیر عمارتوں کے مالکان، بلڈرز، کنسلٹنٹس، آرکیٹیکٹس، اسٹرکچر انجینئرز اور سپروائزنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ گہری کھدائی کے دوران اردگرد کی زمین کو محفوظ رکھنے کے لیے مناسب شٹرنگ اور سپورٹنگ سسٹم استعمال کیا جائے ، حفاظتی باڑ لگائی جائے ، واضح انتباہی بورڈ آویزاں کیے جائیں اور قریبی عمارتوں و بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے تمام ضروری تکنیکی اقدامات کیے جائیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے خبردار کیا کہ بلڈنگ لاز اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے ، املاک سربمہر، بلڈنگ پلان منسوخ اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments