جڑانوالہ :محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے فلیگ مارچ

 جڑانوالہ :محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے فلیگ مارچ

مقصد شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنا اور امن و امان کو یقینی بنانا:ایس پی

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ایس پی جڑانوالہ اختر وینس کی قیادت میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق فلیگ مارچ میں پولیس کی بھاری نفری، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔فلیگ مارچ شہر کے مختلف اہم راستوں، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس سے گزرا جہاں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی اختر وینس نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ ہے ۔ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنا اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے ۔تاجر برادری اور عمائدین شہر نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں