وزیرآباد:مون سون سے قبل نالوں ،سیوریج کی صفائی
شہری شاپنگ بیگ ‘ کوڑا کرکٹ کھلے عام یا نالوں میں نہ پھینکیں:ڈی ایم ڈی واسا
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر)واسا وزیرآباد کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں مین ہولز اور نالوں کی صفائی کا سلسلہ جاری ہے ، ڈپٹی ایم ڈی واسا عثمان گھمن نے ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ الہام ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلال حسن اور جمشید چٹھہ کے ہمراہ جاری کاموں کی نگرانی کرتے ہوئے مختلف علاقوں چیمہ کالونی ،الہ آباد ،بستی قدرت آباد کا دورہ کیا اور عملہ کو کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جہاں پانی کی نکاسی کے مسائل ہیں وہاں پر بند لائنوں کو جلد از جلد کھولا جائے تا کہ مون سون میں یہ علاقے زیر آب نہ آ جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر کے چاروں اطراف سے گزرنے والے نالوں کی جدید مشینری کے ساتھ صفائی کر ائی جا رہی ہے نالوں اور سیوریج لائنوں کو ہیوی مشینری اور وینچنگ مشینوں کی مدد سے ہمارے ورکز سخت گرمی کے موسم میں صاف کر رہے ہیں تا کہ آنے والے بارشی دنوں میں پانی کا نکاس ممکن ہو سکے ۔ڈپٹی ایم ڈی واسا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شاپنگ بیگ اور کوڑا کرکٹ کھلے عام یا نالوں میں نہ پھینکیں بلکہ کوڑ ا دان میں پھینکیں تا کہ یہ نالوں کی بندش کا سبب نہ بن سکے ۔ رواں ماہ شہر کے مین نالوں کی صفائی کے عمل کو مکمل کر لیا جائیگا ۔