بغیر اجازت جلوس ، مجلس منعقد نہیں ہو گی :ڈپٹی کمشنر
امن و امان یقینی بنانے کیلئے فوج اور رینجرز کے افسر و اہلکار موجو د ہونگے
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ،امن و امان کے قیام ،محرم جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور دیگر ضلعی محکمے 24گھنٹے الرٹ ہیں۔کسی بھی شر پسند کو امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے ہر گزاجازت نہیں ہو گی،ایسے عناصر کیخلاف فوری اورسخت ایکشن لیا جائیگا ،محرم الحرام کے دوران اجازت کے بغیر کسی جلوس یا مجلس کے انعقاد کی اجازت نہیں ہو گی ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ ڈی پی او فواد احمد ،حساس اداروں سمیت ضلعی انتظامیہ ، پولیس ، ریسکیو1122، پیرا فورس ‘میونسپل کمیٹی ِ،ضلع کونسل ، ستھر اپنجاب ایجنسی کے افسر بھی اجلاس میں شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے افسر و اہلکار موجو د ہونگے ۔ انکاکہنا تھا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام ، سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کے فروغ کیلئے اپنا قومی و ملی یکجہتی کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ حکومت کے تمام ادارے ‘سکیورٹی ،صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے ہمہ وقت موجو د ہونگے ۔حساس کیٹیگری کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں ،ڈی سی آفس اور ڈی پی او آفس میں قائم کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کی جائیگی۔