واسا کے زائد بلوں پر تاجروں کا احتجاج ، وصولی مؤخر
واسا کے زائد بلوں پر تاجروں کا احتجاج ، وصولی مؤخر دوبارہ سروے کا فیصلہ، غلط اسسمنٹ درست اور جرمانے روکنے پر اتفاق
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) واسا کی جانب سے شہریوں اور تاجروں کو بھاری بھرکم سیوریج بل بھیجے جانے اور جرمانوں و قانونی کارروائی کی وارننگ پر تاجروں کا احتجاج رنگ لے آیا، زائد بلوں کی وصولی مؤخر کرنے اور شہر بھر کے تمام بازاروں کا دوبارہ سروے کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ گزشتہ کئی روز سے شہری اور تاجر واسا کے بھاری بلوں اور سوشل میڈیا پر جاری وارننگز کے باعث شدید پریشانی کا شکار تھے ۔ اس صورتحال پر ضلعی صدر انجمن تاجران محمد عثمان شیخ نے سینئر رہنماؤں حاجی چوہدری اشفاق احمد، چوہدری منور حسین اصلاحی، اتحاد کے چیئرمین محمد طلحہ بشیر اور زبید رحمانی کے ہمراہ ایم ڈی واسا محمد یوسف دریشک سے ملاقات کی۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ واسا اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ شہریوں کو معیاری سیوریج سہولیات فراہم کرے ۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ ضلع کوٹ ادو میں واسا فعال ہوچکا ہے اور موجودہ بل صرف سیوریج سروسز کے ہیں، صاف پانی کی فراہمی کے نہیں۔ انہوں نے نئی سیوریج سکیموں پر جلد کام شروع کرنے اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں طے پایا کہ شہر کے تمام بازاروں کا دوبارہ سروے کیا جائے گا اور ہر بازار سے انجمن تاجران کا نمائندہ سروے ٹیم کا حصہ ہوگا۔ زائد بلوں کی وصولی فی الحال مؤخر رہے گی، جبکہ رہائشی مکانات کے مالکان واسا دفتر سے رجوع کرکے بل درست کراسکیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments