میپکو: بجلی چوری روکنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع
ہائی لاس فیڈرز پر سکیننگ میٹرز نصب کئے جائیں گے ، مقصد بجلی کے لائن لاسز میں کمی، بجلی چوری کی روک تھام، توانائی کے بہاؤ کی مؤثر نگرانی اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی کارکردگی بہتر بناناافسروں کو ذمہ داریاں تفویض ، نتائج کا جائزہ لے کر اسے دیگر علاقوں تک مرحلہ وار وسعت دینے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ مقررہ مدت کے مطابق رواں ماہ ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایت پر ہائی لاس فیڈرز کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کے پائلٹ منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ منصوبے کا مقصد بجلی کے لائن لاسز میں کمی، بجلی چوری کی روک تھام، توانائی کے بہاؤ کی مؤثر نگرانی اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی کارکردگی بہتر بنانا ہے ۔میپکو حکام کے مطابق اس اہم منصوبے کی ذمہ داری سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو سرکل رحیم یار خان کو سونپی گئی ہے جبکہ عملی تکمیل کے لیے ایکسین میپکو صادق آباد ڈویژن کو خصوصی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو نے ہدایت کی ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ مقررہ مدت کے مطابق رواں ماہ مکمل کیا جائے تاکہ نتائج کا جائزہ لے کر اسے دیگر ہائی لاس فیڈرز تک توسیع دی جا سکے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو سرکل رحیم یار خان عبدالحفیظ بھٹی نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ میپکو رحیم یار خان ڈویژن نے پانچوں سب ڈویژنز میں ایس ڈی اوز کی نگرانی میں خصوصی آپریشنل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جن میں تجربہ کار لائن سٹاف، ٹیکنیکل عملہ اور سپروائزری افسران شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیننگ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، جس سے بجلی چوری، توانائی نقصانات اور دیگر بے ضابطگیوں کی فوری نشاندہی میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے لائن لاسز میں کمی، ریکوری میں بہتری اور صارفین کو بہتر بجلی کی فراہمی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے ۔ کامیابی کے بعد منصوبے کو دیگر علاقوں تک بھی مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments