شاہراہوں اور اندرون شہر صفائی بہتر بنانے کی ہدایت
کوڑا دان بروقت خالی کئے جائیں:ڈپٹی کمشنر ، نگار چوک میں ڈی سلٹنگ کا جائزہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر و چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، نکاسی آب، شہری تحفظ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ پسرور روڈ، کشمیر روڈ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کے معیار، صفائی عملے کی فیلڈ میں موجودگی اور کوڑا کرکٹ کی بروقت کولیکشن و ڈسپوزل کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مرکزی شاہراہوں اور اندرونی علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ، کوڑا دان بروقت خالی کئے جائیں اور ضرورت کے مطابق متبادل کوڑا دانوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے نگار چوک ریلوے کراسنگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے واسا گوجرانوالہ کی جانب سے جاری ڈی سلٹنگ آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریلوے لائن کے اطراف صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور صفائی کے کاموں کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور صاف ستھری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے ریلوے لائن کے اطراف صفائی کے تسلسل اور جھاڑیوں کے خاتمے پر خصوصی زور دیا۔