حافظ آباد : سیوریج بچھانے کی ڈیڈ لائن ختم، گہرے گڑھے مسافروں کیلئے خطرہ
محرم الحرام شروع ہوتے ہی گڑھے عزادار وں اور شہریوں کیلئے خطرے کا پیغام دینے لگے ،درجنوں افراد گرکر زخمی ہوچکے ،انتظامیہ خاموش تماشائی ، شہریوں کا کام مکمل کرنے کا مطالبہ
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )شہر کی مین شاہرا ہوں پر سیوریج بچھانے کے بعد ٹھیکیدارجگہ جگہ گہرے گڑھے چھوڑ کر غائب ہو گیا ۔ محرم الحرام شروع ہوتے ہی گڑھے عزادار وں اور شہریوں کیلئے خطرے کا پیغام دینے لگے ،ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اندرون شہر 27مئی تک کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دھری کی دھری رہ گئی۔مذکورہ گڑھوں میں درجنوں افراد گرکر زخمی ہوچکے ۔تفصیلات کے مطابق چار ماہ قبل اندرون شہرنئی تعمیر کردہ سڑکوں کی اکھاڑ بچھاڑکرکے سیوریج کے پائپ بچھانے کا کام شروع کیا گیا۔
جسکی تکمیل کیلئے ڈپٹی کمشنر نے 27مئی کی ڈیڈ لائن مقررکی تھی لیکن اب ٹھیکیدار کو علی پورروڈ ، ونیکے روڈ، کولوروڈپر گہری کھدائی کرکے پائپس ڈالے بھی دوماہ ہونے کو ہیں لیکن ٹھیکیدار ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور گہرے کھڈوں کو چھوڑ کر غائب ہے جس سے بارش کے بعد گڑھے کنواں نماشکل اختیار کرکے شہریوں اور عزادار وں کیلئے کو خطرے کا پیغام سنارہے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ خاموش ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نو ٹس لینے اور کام مکمل کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔