ایف ڈی اے :کمرشل و رہائشی پلاٹس کی نیلامی 22 جون کو ہوگی

ایف ڈی اے :کمرشل و رہائشی پلاٹس کی نیلامی 22 جون کو ہوگی

گلستان پلازہ کی دکانیں، ہال اور قیمتی پلاٹس نیلامی کے لیے پیش کیے جائینگے 126 ہاؤسنگ سکیموں کے مفادِ عامہ کے پلاٹس بھی نیلام عام میں شامل

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) کے زیر انتظام مختلف کمرشل اور رہائشی پلاٹس کی فروخت اور کرایہ داری کے لیے نیلامی 22 جون بروز سوموار صبح 11 بجے ایف ڈی اے کے مرکزی دفتر، بالمقابل سول ہسپتال، میں منعقد ہوگی۔ نیلام عام کی تقریب کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی، جس میں نیلامی کے لیے منتخب پلاٹس کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیلامی کے لیے مختلف رقبوں پر مشتمل کمرشل اور رہائشی پلاٹس احمد نگر، ملت ٹاؤن، مدینہ ٹاؤن اور علامہ اقبال کالونی میں واقع ہیں۔ اس کے علاوہ 126 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں تعلیم، صحت اور دیگر مفادِ عامہ کے لیے مختص پلاٹس بھی فروخت کے لیے نیلام عام میں پیش کیے جائیں گے ۔ ملت چوک گلستان کالونی میں ایف ڈی اے کی ملکیتی گلستان پلازہ کے اپر گراؤنڈ فلور اور لوئر گراؤنڈ فلور پر واقع 250 مربع فٹ کی 19 دکانیں جبکہ فرسٹ فلور، سیکنڈ فلور اور روف ٹاپ پر 6,014 مربع فٹ کے ہال بھی کرایہ پر دینے کے لیے نیلامی میں شامل ہوں گے ۔ مدینہ ٹاؤن میں ہاکی سٹیڈیم کے قریب ایف ڈی اے کی ملکیت 9.43 کنال رقبے پر مشتمل پلاٹ بھی لیز پر دینے کے لیے نیلامی میں پیش کیا جائے گا۔ اگر مکمل پلاٹ کے لیے مناسب بولی موصول نہ ہوئی تو اسے تین برابر حصوں میں تقسیم کرکے لیز پر دینے کے لیے علیحدہ نیلامی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں