لیاری سبزی مارکیٹ مسمار کرنے کیخلاف حکم امتناعی جاری

لیاری سبزی مارکیٹ مسمار کرنے کیخلاف حکم امتناعی جاری

متبادل جگہ کی فراہمی تک کسی بھی دکاندار کو بے دخل نہ کیا جائے ،عدالتکے ایم سی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری، آئندہ سماعت پر جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے لیاری سبزی مارکیٹ کے دکانداروں کی درخواست پر کے ایم سی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مارکیٹ کے خلاف کارروائی سے متعلق حکم امتناعی جاری کر دیا۔عدالت نے اپنے عبوری حکم میں فریقین کو مارکیٹ مسمار کرنے سے روک دیا اور ہدایت کی کہ متبادل جگہ کی فراہمی تک کسی بھی دکاندار کو بے دخل نہ کیا جائے ۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل طارق صدیقی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ لیاری سبزی مارکیٹ کے دکاندار گزشتہ 74 برس سے وہاں کاروبار کر رہے ہیں۔

کے ایم سی نے مارکیٹ کو مسمار کرنے کیلئے نوٹس جاری کیا حالانکہ دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی متبادل جگہ دینے کے نام پر چالان فیس بھی وصول کر چکی ہے تاہم اب متبادل انتظام کیے بغیر ہی مارکیٹ کو مسمار کرنا چاہتی ہے، مارکیٹ کے انہدام سے سینکڑوں افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دکانداروں کو مارکیٹ مسمار کیے جانے پر اعتراض نہیں، تاہم پہلے انہیں مناسب متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ ان کے کاروبار اور روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد کے ایم سی اور دیگر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں