شہر کے سرکاری سکول مقررہ داخلہ ہدف حصول میں ناکام

شہر کے سرکاری سکول مقررہ داخلہ ہدف حصول میں ناکام

ہائی و ہائر سیکنڈری سکولوں میں داخلوں کی تعداد نا صرف ہدف سے کم ، بیس لائن سے بھی نیچے آ گئی،انرولمنٹ کیلئے ترغیب کی ہدایت

 لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور کے سرکاری سکول مقررہ داخلہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔ سکولوں میں داخلوں کی تعداد نا صرف مقررہ ہدف سے کم ہے بلکہ رواں سال کی بیس لائن سے بھی نیچے آ گئی جس پر محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول سربراہان کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔ شہر کے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں داخلہ مہم مطلوبہ نتائج نہ دے سکی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے اعداد و شمار کے مطابق سیکنڈری ونگ کی موجودہ انرولمنٹ 3لاکھ 90ہزار 416 ہے جبکہ 5 مارچ 2026 کی بیس لائن 3 لاکھ 93ہزار 495تھی۔ اس طرح موجودہ داخلوں کی تعداد بیس لائن سے بھی کم ہو گئی ۔محکمہ نے لاہور کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کیلئے مجموعی داخلہ ہدف 4لاکھ 30ہزار 467مقرر کیا تھا تاہم موجودہ انرولمنٹ اور ہدف کے درمیان تقریباً 40 ہزار طلبہ کا فرق برقرار ہے ۔داخلہ ہدف حاصل نہ ہونے پر ڈی ای او سیکنڈری لاہور نے تمام سکول سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے داخلہ مہم کو اولین ترجیح قرار دیکر ہر سکول کو روزانہ کم از کم 10نئے طلبہ داخل کرنے کا ٹاسک دیا ہے ۔محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ گھر گھر رابطہ مہم مزید مؤثر بنائی جائے ، مساجد، مقامی کمیونٹی اور دیگر مثبت ذرائع سے بھی والدین کو سرکاری سکولوں میں داخلوں کیلئے راغب کیا جائے ۔ سکول سربراہان کو تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے داخلہ ہدف مکمل کرنیکی ہدایت کی گئی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...