ایل ڈی اے سٹی :افسروں کی کمی،انتظامی فیصلوں پر دباؤ بڑھ گیا
ترقیاتی کام تیزی سے جاری،سوارب کا ریونیوملنے کا تخمینہ مگر اہم انتظامی نشستیں خالی
لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے کی سب سے بڑی ہاؤسنگ سکیم، ایل ڈی اے سٹی ایک طرف اربوں کے ترقیاتی منصوبوں پرتیزی سے آگے بڑھ رہی ہے تو دوسری جانب انتظامی ڈھانچے میں افسروں کی شدید کمی بڑا چیلنج بن چکی ہے ۔منصوبے سے آئندہ برسوں میں تقریباً 100 ارب ریونیوملنے کا تخمینہ ہے مگر اہم انتظامی نشستیں بدستور خالی ہیں۔اضافی چارجز کے ذریعے دفتری نظام چلایا جا رہا ہے جس سے فائلوں کی پراسیسنگ اور انتظامی فیصلوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے سٹی ترقیاتی سرگرمیوں کے اعتبار سے نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔ اربوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے ، مختلف بلاکس میں ترقیاتی کام تکمیلی مراحل میں ہیں جبکہ نئے سیکٹرز کا قبضہ مرحلہ وار الاٹیز کے حوالے کیا جا رہا ہے تاہم ترقیاتی رفتار کے برعکس ایل ڈی اے سٹی ڈائریکٹوریٹ کو افسروں کی کمی کا سامنا ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی7منظور شدہ اسامیوں میں سے صرف ایک پر افسر تعینات ہے جسے ڈپٹی ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے ۔ ایک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو سٹیٹ آفیسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر دونوں کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ ریگولر ڈپٹی ڈائریکٹرز کی دو اہم نشستیں بھی خالی ہیں جبکہ ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی ڈائریکٹوریٹ کی ری سٹرکچرنگ کا عمل جاری ہے جسکے بعد خالی اسامیوں پر تعیناتیاں کی جائینگی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments