مجرموں کیخلاف گھیرا تنگ ہونے سے جرائم کی شرح میں کمی

 مجرموں کیخلاف گھیرا تنگ ہونے سے جرائم کی شرح میں کمی

رواں سال سنگین جرائم میں ملوث 6000 سے زائد ملزموں کو گرفتار کیاگیادرجنوں گینگز کے ارکان گرفتار ، کروڑوں روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پولیس کا سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ ہونے سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے رواں سال سنگین جرائم میں ملوث 6000 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو مقدمات میں چالان کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا گیا۔قتل اور اقدامِ قتل کے 400 سے زائد خطرناک ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور سنگین مقدمات کی مؤثر پیروی جاری ہے ۔ ڈکیتی، راہزنی، نقب زنی اور مویشی چوری میں ملوث 3500 سے زائد ملزموں کو گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کیا گیا۔کار اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تقریباً 1000 ملزموں کو گرفتار کر کے متعدد مقدمات ٹریس آؤٹ کیے گئے ۔ موٹر سائیکل، کار اور دیگر گاڑیاں چھیننے میں ملوث 400 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا گیا۔اغواء اور ریپ جیسے سنگین مقدمات میں ملوث 400 سے زائد ملزموں کو گرفتار کر کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ملزمان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں۔جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران درجنوں گینگز کے ارکان گرفتار اور کروڑوں روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد ہوا۔ پیشہ ور مجرموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں