زیر تعمیر سڑکیں بروقت مکمل کرنے کا حکم
کارپٹنگ سمیت تمام باقی ماندہ کام جلد مکمل کریں، کمشنر کا اجلاس اور دورے ،واسا لائنوں، واپڈا کیبلز، ٹرانسفارمرز، سول ورک، روڈ انفراسٹرکچر اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہمتعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کرتے ہوئے منصوبوں کی جلد تکمیل ،تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران گرد و غبار کے خاتمے کے لیے پانی کے باقاعدہ چھڑکاؤ یقینی بنائیں، عامر کریم
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے زیر تعمیر برینڈ روڈ اور پیر خورشید کالونی روڈ منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے ضروری احکامات جاری کئے ۔برینڈ روڈ کے دورے کے دوران کمشنر کو واسا لائنوں، واپڈا کیبلز، ٹرانسفارمرز، سول ورک، روڈ انفراسٹرکچر اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے واپڈا کی جانب سے کی گئی کھدائی، بینچز اور کینوپیز کی تنصیب سمیت مختلف سہولیات کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم سے کم رکھنے کے لیے تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور کارپٹنگ سمیت تمام باقی ماندہ کام جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر سفری اور شہری سہولیات کی فراہمی ہے ، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کرتے ہوئے منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنائیں۔انہوں نے ایم ڈی اے کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران گرد و غبار کے خاتمے کے لیے پانی کے باقاعدہ چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے ۔
کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام کام مقررہ انجینئرنگ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے ۔بعد ازاں کمشنر ملتان نے پیر خورشید کالونی روڈ منصوبے کا بھی دورہ کیا۔دریں اثنائکمشنرکی زیر صدارت اجلا س میں متعلقہ محکموں کے افسران نے روڈ کارپیٹنگ، ری ہیبیلیٹیشن، ڈرینج، سٹریٹ لائٹس، ٹرف پیورز، سنٹر میڈین، پلانٹیشن اور دیگر ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ملتان۔وہاڑی روڈ منصوبے کے تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور کسی بھی مرحلے پر معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ترجیحی منصوبہ ہے جس کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ صرف سڑک کی تعمیر یا کارپیٹنگ منصوبے کی تکمیل نہیں بلکہ ڈرینج سسٹم، ٹرف پیورز، آؤٹر شولڈرز، سنٹر میڈین، سٹریٹ لائٹس، روڈ فرنیچر، پلانٹیشن اور صفائی سمیت تمام متعلقہ کاموں کی تکمیل یکساں اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام اجزاء پر بیک وقت توجہ دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے ، ڈرینج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور پلانٹیشن و لینڈ اسکیپنگ کے کام کو بھی تیز کیا جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو محفوظ، آرام دہ اور جدید سفری سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی پہلی ذمہ داری ہے ۔