محرم الحرام انتظامات، ڈپٹی کمشنر کا جلوس روٹس کا تفصیلی دورہ
محرم الحرام انتظامات، ڈپٹی کمشنر کا جلوس روٹس کا تفصیلی دورہبہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں:عثمان طاہر
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ٹبی حسین آباد امام بارگاہ اور جلوس روٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے روٹس پر صفائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات محرم سے قبل ہر صورت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عزاداروں کے تحفظ، سہولت اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔