محرم: جلوس روٹس پرانتظامات فوری مکمل کیے جائیں :ملیحہ رشید
محرم: جلوس روٹس پرانتظامات فوری مکمل کیے جائیں :ملیحہ رشید کنٹرول رومز مکمل فعال ،تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے : ڈپٹی کمشنر
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ خانیوال محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور پرامن ماحول یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران میونسپل کمیٹیز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر انتظامات فوری مکمل کیے جائیں جبکہ گلیوں، سڑکوں کی مرمت، صفائی ستھرائی، سیوریج مسائل کے خاتمے اور دیگر بلدیاتی امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے بجلی و ٹیلیفون کے لٹکتے تاروں کے فوری خاتمے اور تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کنٹرول رومز مکمل فعال رہیں گے اور تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے ۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی سہولیات اور سبیلوں کا قیام بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ عزاداروں کو محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔