چنیوٹ میں فلیگ مارچ، امن و امان کے عزم کا اظہار
مقصد محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا :ڈی پی او
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کو برقرار رکھنے کیلئے چنیوٹ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا ۔ فلیگ مارچ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف،ڈپٹی کمشنر میڈم عائشہ رضوان سمیت ایلیٹ فورس، فالکن سکواڈ اور ٹریفک پولیس ،ریسکیو1122اور پیرا فورس شامل تھی ۔ فلیگ مارچ ختم نبوت چوک سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہواختم نبوت چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہاکہ فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے ۔ محرم الحرام کے حوالے سے حکومتی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی شہر کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ تمام وسائل بروئے کار لاکر ضلع میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر میڈم عائشہ رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر کے تمام الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کے جامع انتظامات کو یقینی بنایا جارہاہے ۔