غیر قانونی سلاٹر ہاؤس سے 400 کلو ناقص گوشت برآمد وتلف
لائیوسٹاک اور فوڈ اتھارٹی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کی ، مقدمہ درج کرلیاگیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سہیل احمد انجم کی ہدایات پر لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیم نے چک 259 آر۔بی کے قریب غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر کارروائی کی۔کارروائی کے دوران تقریباً 400 کلو گرام بغیر مہر شدہ اور غیر معیاری گوشت برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ دورانِ کارروائی ایک مردہ مادہ بھینس بھی برآمد ہوئی۔ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد عباس مسیح، عدنان مسیح اور دیگر افراد کے خلاف تھانہ ڈجکوٹ میں مقدمہ نمبر 442/26 درج کر لیا گیا ہے ۔لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی ذبح خانوں اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔