ڈینگی کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت
زیر تعمیر عمارتوں، خالی پلاٹوں اور دیگر مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)عالمی یوم ڈینگی کے موقع پر آر ڈی اے نے ڈینگی کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ، صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ کمشنر و ڈی جی آر ڈی اے عامر خٹک کی ہدایات کے مطابق آر ڈی اے اپنے دائرہ اختیار میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں، آگاہی مہمات اور مؤثر نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے ۔ اس سال عالمی یوم ڈینگی کا پیغام چھوٹا سا کاٹنا، بڑا خطرہ - ڈینگی کو روکیں، زندگیاں بچائیں ہے ، جو اس بیماری کے خلاف اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
آر ڈی اے نے زیر تعمیر عمارتوں، خالی پلاٹوں اور دیگر مقامات کی مسلسل نگرانی کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ کہیں بھی پانی جمع نہ ہونے پائے اور ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات ختم کیے جا سکیں۔ اس سلسلے میں خصوصی انسپکشن ٹیمیں متحرک ہیں جو انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہیں۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں عمارتوں اور تجارتی مراکز کو سیل بھی کیا جا رہا ہے ۔ آر ڈی اے نے شہریوں، بلڈرز اور پراپرٹی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور تعمیراتی مقامات کو صاف ستھرا رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں۔