چنیوٹ :گندم پیداواری مقابلہ، کاشتکاروں میں انعام تقسیم
گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت :ڈی سی عائشہ رضوان
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پیداواری مقابلہ گندم 2025-26 کے کامیاب کاشتکاروں میں انعامی چیک تقسیم کئے گئے ، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے اے ڈی سی آر محمد احمر علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چنیوٹ کے ہمراہ’’پیداواری مقابلہ گندم 2025-26‘‘میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاشتکاروں میں انعامی چیک تقسیم کیے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مقابلے میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ حکومت پنجاب کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ’’ پیداواری مقابلہ گندم 2025-26‘‘کا مقصد کاشتکاروں میں زیادہ پیداوار حاصل کرنے کا رجحان پیدا کرنا، جدید زرعی ٹیکنالوجی سے آگاہی دینا اور بہترین کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے کسانوں میں مثبت مسابقت پیدا ہوتی ہے جس کے نتیجے میں زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوتا ہے ۔آخر میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کامیاب کاشتکاروں میں انعامی چیک تقسیم کیے ۔