مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ غفلت، ریٹ لسٹوں کی تاخیر سے ترسیل، گرانفروشوں کو کھلی چھوٹ مل گئی

مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ غفلت، ریٹ لسٹوں کی تاخیر سے ترسیل، گرانفروشوں کو کھلی چھوٹ مل گئی

ٹھیکیداروں کے افرادی قوت بڑھانے کے بجائے کم عملے سے ہی کام چلا نے پر لسٹوں کی تقسیم کا نظام متاثر ہوتا:ذرائع،تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ، ڈپٹی کمشنر ریٹ لسٹوں کی بروقت ترسیل کو یقینی بنائیں:شہری

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ غفلت کے باعث اشیائے خورونوش کی سرکاری ریٹ لسٹوں کی دکانوں تک بروقت ترسیل کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، جس کا فائدہ گرانفروش مافیا اٹھا رہا ہے ۔ روزانہ جاری ہونے والی سرکاری ریٹ لسٹیں صبح کے اوقات میں دکانوں تک پہنچنے کے بجائے دوپہر دو سے تین بجے کے درمیان فراہم کی جاتی ہیں، جس کے باعث دکاندار آدھے سے زیادہ سامان اپنی مرضی کے نرخوں پر فروخت کر چکے ہوتے ہیں۔ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ریٹ لسٹوں کی تقسیم کا کام ٹھیکیداروں کے سپرد کیا گیا ہے ، تاہم ان کی کارکردگی پر مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں ریٹ لسٹیں تاخیر سے پہنچتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹھیکیدار افرادی قوت بڑھانے کے بجائے کم عملے سے ہی کام چلا رہے ہیں، جس سے تقسیم کا نظام متاثر ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے بروقت آویزاں نہ ہونے کی وجہ سے سبزی، پھل، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانی کی جاتی ہے اور صارفین اضافی نرخ ادا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہے ، ڈپٹی کمشنر ریٹ لسٹوں کی بروقت ترسیل کو یقینی بنائیں ، تقسیم کے نظام کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور غفلت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں