گھر اور فیکٹری سے لاکھوں روپے اورقیمتی سامان چوری
حویلی سے نایاب نسل کے مرغے ،کبوتر ،مسجدکے باہرسے موٹرسائیکل غائب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈکیتی چوری کی وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی اور سامان لوٹ لیاگیا۔ تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے جواد ٹاؤن میں ریحانہ نامی خاتون کے گھر کا بیرونی دروازہ غلطی سے کھلا رہ گیا۔ جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم گھر سے نقدی، موبائل فون، واٹر پمپ، بیٹریاں اور دیگر قیمتی سامان لے گئے ۔ تھانہ روشن والا کے علاقے میں شاہد کی فیکٹری کے تالے توڑ کر لاکھوں مالیت کا گتہ اور دیگر قیمتی سامان چوری کر لیاگیا ۔تھانہ مرید والا کے علاقے میں عرفان کی حویلی سے قیمتی اور نایاب نسل کے مرغے اور کبوتر چورلے گئے ۔تھانہ سٹی جڑانوالہ کے علاقے میں قائم جامع مسجد کے باہر سے اختر نامی شہری کاموٹرسائیکل چوری ،تھانہ صدر کے علاقے میں اقبال کے گھر کے باہر سے چور بجلی کا میٹر، تاریں اور دیگر قیمتی سامان لے گئے۔