سیوریج مسائل کی نشاندہی، سکیمیں 7 جولائی تک جمع کرانیکی ہدایت
مسائل کے حل کیلئے واسا نے تمام سب ڈویژنز سے ترقیاتی سکیمیں طلب کر لیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سیوریج کے دیرینہ مسائل سے دوچار علاقوں کی نشاندہی اور ان کے مستقل حل کے لیے ترقیاتی سکیمیں طلب کر لی ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ ایسی تمام سکیمیں 7 جولائی تک جمع کرائی جائیں۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اپنی متعلقہ سب ڈویژنز میں ایسے علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں سیوریج کے دیرینہ مسائل موجود ہیں، ان کے حل کے لیے مجوزہ سکیم، بچھائی جانے والی لائن کی کل لمبائی، متوقع اخراجات اور دیگر تمام ضروری تفصیلات بھی سکیم میں شامل کی جائیں تاکہ منظوری کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے ۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ جھنگ روڈ پر مین فورس لائن کے ساتھ ملحقہ آبادیوں کی گلیوں میں بھی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں تاکہ ان علاقوں کے دیرینہ سیوریج مسائل کا پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ موصول ہونے والی تمام سکیموں کی جی آئی ایس کے ذریعے مارکنگ کی جائے گی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ان کے نمائندے ان سکیموں کا موقع پر جا کر جائزہ لیں گے تاکہ منصوبوں کی تکمیل کے بعد متعلقہ علاقوں کے مکینوں کو سیوریج کے مسائل سے مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔