ایف ڈی اے سٹی ، سیوریج مین ہولز پر جالیاں ،نئے ڈھکن نصب
مرکزی سیوریج لائنوں اور حساس مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات مکمل کئے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھر ی کی خصوصی ہدایات پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایف ڈی اے سٹی میں سیوریج سسٹم کے سینکڑوں مین ہولز پر اضافی حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں مضبوط حفاظتی جالیاں نصب کی گئی ہیں، جبکہ جن مین ہولز پر ڈھکن موجود نہیں تھے وہاں نئے اور معیاری ڈھکن لگا دئیے گئے ہیں۔چیف انجینئر مہر ایوب اور ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم کی نگرانی میں جاری خصوصی مہم کے دوران رہائشی بلاکس، مرکزی سیوریج لائنوں اور حساس مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات مکمل کیے گئے ۔ایف ڈی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر ایف ڈی اے سٹی کے پورے سیوریج نیٹ ورک کا تفصیلی سروے کیا گیا،
جس میں تمام مسنگ مین ہول کورز کی نشاندہی کے بعد فوری طور پر ان کی تنصیب یقینی بنائی گئی۔ اس کے علاوہ سیوریج کی مین لائنوں اور متعلقہ انفراسٹرکچر کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا تاکہ نکاسی آب کا نظام مؤثر انداز میں کام کرتا رہے اور شہری ممکنہ حادثات سے محفوظ رہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم کی باقاعدہ مانیٹرنگ، بروقت انسپکشن اور دیکھ بھال ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی مین ہول بغیر ڈھکن کے نہیں ہونا چاہیے اور حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔