بلال بدر چودھری کا جڑانوالہ،لاہور شورکوٹ ریلوے ٹریک پر ٹرینیں بحال کرنے کا مطالبہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)رکن قومی اسمبلی بلال بدر چودھری نے وفاقی وزیر ریلوے سے ملاقات کے دوران جڑانوالہ، لاہور اور شورکوٹ ریلوے ٹریک پر ایک فاسٹ اور ایک پسنجر ٹرین جلد چلانے کا مطالبہ کیا۔
بلال بدر چودھری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور، جڑانوالہ، شورکوٹ ریلوے ٹریک پر ٹرین سروس کی جلد بحالی اور خستہ حال ٹریک کی مرمت کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلوے حکام کے مطابق شورکوٹ کینٹ سے جڑانوالہ براستہ تاندلیانوالہ چلنے والی ٹرین سروس کی بحالی پر کام جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ سروس اگست میں دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس روٹ پر ٹرین سروس بحال ہونے سے تاندلیانوالہ، کمالیہ، ماموں کانجن، جڑانوالہ اور گردونواح کے ہزاروں مسافروں کو سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ سروس کی بحالی سے متعلق حتمی شیڈول اور تاریخ جلد جاری کی جائے گی۔