پٹرولنگ پولیس اور ایگل آئی انسٹیٹیوٹ میں ایم او یو پر دستخط
اہلکاروں کے بچوں کے لیے مفت و رعایتی آئی ٹی کورسز کا اعلان کیا گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال کی زیر صدارت پٹرولنگ پولیس کی ویلفیئر کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایگل آئی انسٹیٹیوٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ۔ایم او یو پر ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس مرزا انجم کمال اور ایگل آئی انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل و چیف ایگزیکٹو آفیسر سید فہیم گیلانی نے دستخط کیے ۔ معاہدے کے مطابق شہداء، دورانِ ملازمت وفات پانے والے اور ریٹائرڈ پٹرولنگ پولیس ملازمین کے بچوں کو آئی ٹی کورسز میں 100 فیصد مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
معاہدے کے تحت پٹرولنگ پولیس ایگل آئی انسٹیٹیوٹ کے طلبہ کو روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین اور سکیورٹی سے متعلق تربیت بھی فراہم کرے گی تاکہ نوجوانوں میں ٹریفک شعور اور حفاظتی اقدامات کو فروغ دیا جا سکے ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ایس ایس پی مرزا انجم کمال کی کاوشوں سے اس سے قبل بھی 25 مختلف ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور لیبارٹریز کے ساتھ ایم او یوز کیے جا چکے ہیں، جن کے تحت پٹرولنگ پولیس کے شہداء اور ملازمین کے اہل خانہ کے لیے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خصوصی رعایتی پیکجز فراہم کیے جا رہے ہیں۔