جڑانوالہ :اتائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن،غیر قانونی کلینکس سیل
عوامی شکایات پر ڈاکٹر سومیہ جمیل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اچانک چھاپے مارے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) ڈاکٹر سومیہ جمیل نے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی کلینکس سیل کر دیے ۔عوامی شکایات پر ڈاکٹر سومیہ جمیل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مارے ، جہاں غیر تربیت یافتہ اور غیر مستند افراد مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر علاج معالجہ کرتے ہوئے پائے گئے۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی کلینکس کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں ایلوپیتھک ادویات قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو چالان بھجوا دیا گیا۔ڈاکٹر سومیہ جمیل نے کہا کہ اتائیت ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے جو انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی کو بھی علاج معالجہ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔