ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کا مراکز صحت کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ
ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، طبی مشینری کی فعالیت دیکھی
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ احمد خان کے ہمراہ مختلف مراکز صحت کا اچانک دورہ کیا اور طبی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے لاہور روڈ پر قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک جھانب اور مریم نواز ہیلتھ کلینک ہرسہ شیخ کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، طبی مشینری کی فعالیت، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق فیڈبیک بھی حاصل کیا۔
انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق عوام کو معیاری، بروقت اور بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک ہرسہ شیخ کی زیر تعمیر نئی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت پر بریفنگ لی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عمارت جلد از جلد عوام کے لیے فعال کی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔