تجاوزات اور ریڑھی مافیا کا راج، ٹریفک جام معمول ، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا
غیر قانونی ریڑھیاں اور عارضی دکانیں حادثات کا سبب بھی بن رہی ہیں ، تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز آپریشن کیا جائے :شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)شہر کی اہم شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر مصروف مقامات پر ریڑھی مافیا اور تجاوزات کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہونے لگا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر قائم غیر قانونی ریڑھیاں اور عارضی دکانیں نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بن رہی ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن رہی ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔سمندری روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، سمن آباد روڈ، نڑوالا روڈ، جھنگ روڈ، جیل روڈ، ملت روڈ، شیخوپورہ روڈ، کینال روڈ، علامہ اقبال کالونی روڈ، سرگودھا روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر ریڑھیاں اور عارضی دکانیں قائم ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ بعض بااثر عناصر مبینہ طور پر متعلقہ اداروں کی سرپرستی میں سڑکوں پر قبضے برقرار رکھے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔
بعض ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ریڑھی مالکان سے مبینہ طور پر ہفتہ وار اور ماہانہ بھتہ وصول کیا جاتا ہے ، متعلقہ اداروں کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک جام ر ہتی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں اور گاڑی چلانے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہو گیا ۔شہریوں نے انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز آپریشن کیا جائے ۔