جھنگ :مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے ریلیف کیمپس قائم
شہریوں کو بروقت امداد، رہنمائی اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر مون سون بارشوں کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ضلع جھنگ میں پیشگی حفاظتی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ کونسل جھنگ علی اکبر بھنڈر کی ہدایت اور چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل مہر محمد اکرم بھروانہ کی نگرانی میں ضلع کی تمام تحصیلوں میں مون سون ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریلیف کیمپس میں بارشوں سے متاثرہ شہریوں کو بروقت امداد، رہنمائی اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کیمپس میں متعلقہ عملہ، ضروری سامان اور ریسکیو اداروں سے رابطے کا مؤثر نظام بھی قائم کیا گیا ہے ۔چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل مہر محمد اکرم بھروانہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مون سون سیزن کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔