سی سی ٹی وی نگرانی مزید موثر بنانے کے اقدامات
20 روز کے اندر دکانوں، پٹرول پمپس اور کباڑ خانوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرانے کے اقدامات کا حکم ، پولیس کنٹرول روم سے منسلک کیا جائے گا :سی پی او
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، بھتہ خوری، تاوان اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے فیصل آباد پولیس نے شہر بھر میں سی سی ٹی وی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات تیز کر دئیے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت دکانوں، پٹرول پمپ، کباڑ خانوں اور دیگر اہم مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرائے جائیں گے ، جبکہ نجی کیمروں کو بھی آئی پی ایڈریس کے ذریعے پولیس کنٹرول روم سے منسلک کیا جائے گا تاکہ شہر بھر کی نقل و حرکت پر مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے۔
بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لیے پولیس پہلے سے جاری ناکہ بندی، سنیپ چیکنگ اور گشت کے ساتھ جدید مانیٹرنگ سسٹم کو بھی وسعت دے رہی ہے ۔ اس مقصد کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں، چوکوں، تجارتی مراکز، پیٹرول پمپس اور کباڑ خانوں پر معیاری سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے تمام ٹاؤن ایس پیز، سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کی ہے کہ آئندہ 20 روز کے اندر متعلقہ علاقوں میں دکانوں، پیٹرول پمپس اور کباڑ خانوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرانے کے اقدامات مکمل کیے جائیں۔
سی پی او تنویر حسین کے مطابق پولیس کے آئی ٹی ماہرین نجی کیمروں کو آئی پی ایڈریس کے ذریعے پولیس کنٹرول روم سے منسلک کریں گے ، جس کے بعد شہر کے مختلف مقامات کی براہِ راست نگرانی ممکن ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے جرائم میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری میں مدد ملے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پولیس جرائم کی بیخ کنی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے۔