خاتون کی مبینہ سربراہی میں ڈکیتی ،گروہ کے 2 ارکان گرفتار
جلد بازی میں ملزم اپنی مبینہ سرغنہ عظمیٰ نامی خاتون کو موقع پر ہی چھوڑ گئے
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا) ماموں کانجن میں مبینہ طور پر 50 سالہ خاتون کی سربراہی میں سرگرم ڈکیتی کرنے والے تین رکنی گروہ کے دو ارکان کو پولیس نے شہریوں کی مدد سے گرفتار کر لیا، جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق پرانی منڈی کے نیاز چوک کے قریب دو مسلح ملزمان نے چک 494 گ ب لال ترہانہ کے رہائشی وسیم کو اس وقت روک لیا جب وہ اپنے گاؤں جا رہا تھا۔ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اس سے 60 ہزار روپے نقدی، اے ٹی ایم کارڈ اور موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہو گئے۔
واردات کے دوران جلد بازی میں ملزمان اپنی مبینہ سرغنہ عظمیٰ نامی خاتون کو موقع پر ہی چھوڑ گئے ، جسے متاثرہ شہری اور مقامی افراد نے قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔بعد ازاں فرار ہونے والے ملزمان چھینی گئی موٹر سائیکل کا پٹرول ختم ہونے پر اسے چک 508 گ ب کے قریب چھوڑ کر پیدل فرار ہو گئے ۔ ان میں سے ایک مشتبہ ملزم کو چک 196 گ ب کے قریب شہریوں نے مشکوک جان کر پکڑ لیا اور کرم مریدوالا پولیس کے حوالے کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments