متوقع بارشیں: اشتہاری بورڈز سے جان لیواحادثات کا خدشہ

 متوقع بارشیں: اشتہاری بورڈز سے جان لیواحادثات کا خدشہ

پابندی کے باوجود شارع فیصل،کورنگی روڈ،شاہراہ پاکستان،راشد منہاس روڈ،شہید ملت روڈ،ایئرپورٹ پر بلند عمارتوں پر دیوہیکل بل بورڈبدستور نصبترقیاتی کاموں کیلئے کھودی گئی سڑکیں بھی انسانی جانوں کیلئے رسک،کمشنر کی بارشوں کے پانی کی نکاسی کے لیے پمپس، مشینری اور عملہ تعینات کرنے کی ہدایت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود شہر بھر میں شاہراہوں کی عمارتوں پر نصب دیوہیکل بل بورڈ نہیں ہٹائے جا سکے ۔ دیوہیکل بل بورڈز انسانی زندگیوں کے لیے انتہائی خطرناک ہیں ۔ عدالتی احکامات کے باوجود سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ کے ماتحت اداروں نے بھی مسئلے کو اہمیت نہیں دی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے باوجودنصب دیو ہیکل سائن بورڈز کو نہیں ہٹایا جاسکا جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے ۔اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کو بل بورڈمافیا نے نظر انداز کر دیا ہے اور شہر کی کسی بھی شاہراہ اور اس کے اطراف کی بلند عمارتوں سے تاحال بل بورڈز نہیں اتارے گئے ہیں ۔ ملنے والی اطلاعات کے مطابق شارع فیصل،کورنگی روڈ،شاہراہ پاکستان،راشد منہاس روڈ،شہید ملت روڈ، ایئرپورٹ، شاہراہ عراق اور دیگر کمرشل شاہراہوں پر بلند عمارتوں پر دیوہیکل بل بورڈبدستور نصب ہیں جو کراچی میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے دوران کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب سندھ حکومت اور صوبائی وزراء ممکنہ طوفان کی تباہ کاریوں سے عوام کو توآگاہ کررہے ہیں لیکن ان کی جانب سے عوام کی جان ومال کو تحفظ دینے کیلئے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متعدد مقامات پر سڑکیں کھدی ہوئی ہیں جو ممکنہ شدید بارشوں کے نتیجے میں انسانی جانوں کے لیے ایک بڑا رسک ہیں۔دوسری جانب کمشنر کراچی کی زیر صدارت متوقع بارشوں سے نمٹنے کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ترجمان کمشنر ہاوس کے مطابق ڈپٹی کمشنرز، سالڈ ویسٹ حکام سمیت دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ برساتی نالوں کی صفائی کا کام جلد مکمل کرے گی۔کمشنر کراچی حسن نقوی نے ہدایت جاری کی کہ بارشوں کے پانی کی نکاسی کے لیے پمپس، مشینری اور عملے کو تعینات کریں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو نالوں کی صفائی کے جاری کاموں کا معائنہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔یاد رہے کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہر بھر میں مون سون کی بارشوں کے پیشِ نظر بڑے نالوں کی صفائی کے کام کو خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی کے کام میں مکمل شفافیت اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اس بار ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور ڈرون کی مدد سے نالوں کی صفائی کی موثر نگرانی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...