زکریا یونیورسٹی کو 60کروڑ روپے کا خسارہ ، نیا بجٹ تیار

زکریا یونیورسٹی کو 60کروڑ روپے کا خسارہ ، نیا بجٹ تیار

آمدن کا بڑا حصہ ہائر ایجوکیشن اور پنجاب ایجوکیشن کمیشن کی گرانٹ پر مشتمل

 ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ملتان کو 60 کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا، نئے مالی سال 27-2026 کیلئے 8 ارب 10 کروڑ روپے کا بجٹ تیار تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کی انتظامیہ نے مالی سال 27-2026 کے لئے 8 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ تیار کر لیا ہے ، جسے 23 جولائی کو ہونے والے پلاننگ اینڈ فنانس کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کو گزشتہ مالی سال کے دوران 60کروڑ روپے کے مالی خسارے کا سامنا رہا، جس کے باعث نئے بجٹ میں آمدن اور اخراجات کے درمیان توازن برقرار رکھنے کیلئے متعدد اہم اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ۔نئے مالی سال میں یونیورسٹی کی آمدنی کا بڑا حصہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گرانٹس پر مشتمل ہوگا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے ایک ارب 50کروڑ روپے جبکہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 60کروڑ روپے کی گرانٹ متوقع ہے۔ ، جبکہ باقی آمدن ٹیوشن فیس، دیگر فیسوں اور داخلی ذرائع سے حاصل کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں اساتذہ کی ترقیوں کے لئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔ مجوزہ منصوبے کے تحت 28 پروفیسرز، 48 ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور 50 اسسٹنٹ پروفیسرز کی ترقیوں کے لئے مالی گنجائش رکھی گئی ہے تاکہ اہل اساتذہ کو ترقی دے کر تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔اسی طرح یونیورسٹی کے انتظامی و غیر تدریسی شعبوں میں گریڈ ایک سے 16 تک کے 30 ملازمین کی ترقی کے لئے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے ، جس سے ملازمین کی طویل عرصے سے زیر التوا ترقیوں کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے بجٹ میں یونیورسٹی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاکہ تعلیمی، تحقیقی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...