مقدمات کی میرٹ پر تفتیش ،گشت کو مؤثر بنایا جائے ،آئی جی
اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں تیز کی جائیں
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈی آئی جی سید علی رضا سمیت تمام زونل ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں، کمیونٹی پولیسنگ، تفتیشی نظام اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر، عادی مجرموں اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام پولیس افسران عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں، مقدمات کی تفتیش میرٹ پر مکمل کریں اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ جرائم کی بروقت روک تھام ممکن ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments