پٹرول فراہمی، معیار اور نرخوں کیلئے انتظامیہ کا سخت اقدام
مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور اوورچارجنگ کے خلاف کارروائی کا اعلان
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کی زیر صدارت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے نمائندگان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی، سرکاری نرخوں پر فروخت، معیار، حفاظتی اقدامات اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی، متعلقہ محکموں کے افسران، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندگان اور پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ تمام پمپس پر حکومتی قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، صارفین کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں اور سرکاری نرخ نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی کو بھی عوامی مشکلات میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments