چالان مہم ، شہری پریشان ، نامناسب رویے کی شکایات

 چالان مہم ، شہری پریشان ، نامناسب رویے کی شکایات

ٹریفک اہلکار ٹریفک کی بہتری پر توجہ دینے کے بجائے ناکے لگا کر کمائی میں مصروف ،معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بھی بھاری جرمانے ،حکام نوٹس لیں :شہری

فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر میں ٹریفک کے نظام کو منظم بنانے کے لیے قائم محکمہ ٹریفک پولیس کے خلاف شہریوں کی جانب سے مبینہ بلاجواز چالان اور نامناسب رویے کی شکایات میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکار نظامِ ٹریفک کی بہتری پر توجہ دینے کے بجائے مختلف شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں ناکہ بندیاں کرکے چالان مہم پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کی مصروف شاہراہوں، چوکوں اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار گروپوں کی صورت میں گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو روک کر چالان کرتے ہیں۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ بعض اوقات معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بھی بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں، جبکہ چالان سے متعلق مؤقف پیش کرنے یا نرمی کی درخواست کرنے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔

بعض شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ایسے مواقع پر تلخ کلامی، تشدد اور قانونی کارروائیوں کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے صرف مرکزی شاہراہوں پر ناکہ بندیاں کی جاتی تھیں، تاہم اب رہائشی علاقوں اور اندرونی سڑکوں پر بھی چیکنگ کے دوران گاڑیوں کے چالان کیے جا رہے ہیں، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کے رویے کو بھی بہتر بنایا جائے اور بلاجواز چالان یا مبینہ ناروا سلوک کی شکایات کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، تاکہ شہریوں کو سہولت اور محفوظ ٹریفک نظام کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...